ڈگ فورڈ کی کنزرویٹو جماعت کی سیاست سرحدوں سے باہر نکل گئی:اونٹاریو لبرلز

کوئنز پارک (نمائندہ خصوصی) اونٹاریو لبرل پارٹی کے عبوری سربراہ جان فریزر نے وزیر اعلیٰ ڈگ فورڈ سے وضاحت طلب کی ہے کہ ان کی سیاسی ٹیم نے سابق اونٹاریو لبرل رہنما بونی کرومبی کے ذاتی دورے کے دوران ان کا پیچھا کرنے کیلئےکسی شخص کو جمیکا کیوں بھیجا۔

جان فریزر نے الزام عائد کیا کہ اونٹاریو پی سی پارٹی نے اسی جمیکن تفریحی مقام پر اخراجات ظاہر کیے جہاں بونی کرومبی قیام پذیر تھیں۔ یہ اخراجات اس وقت سامنے آئے جب بونی کرومبی اونٹاریو لبرل پارٹی کی سربراہ منتخب ہوئی تھیں۔

فریزر نے کہا کہ یہ انتہائی نامناسب اقدام ہے، ڈگ فورڈ کو وضاحت کرنی چاہیے کہ انہوں نے ایک خاتون کے نجی دورے کے دوران بیرون ملک اس کا تعاقب کرانے کو کیوں مناسب سمجھا۔ یہ سیاسی اختلاف نہیں بلکہ خوفناک اور پریشان کن رویہ اور اختیارات کا مکمل غلط استعمال ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی سیاسی مخالف کا نجی دورے کے دوران دوسرے ملک تک پیچھا کرنا اور اس کی نجی زندگی میں مداخلت کرنا عوامی وسائل کا غیر معمولی غلط استعمال ہے۔ اس امر پر بھی تشویش ہونی چاہیے کہ وزیر اعلیٰ اور ان کے قریبی ساتھیوں نے اس اقدام کو قابل قبول کیوں سمجھا۔

جان فریزر نے کہا کہ اس واقعے سے یہ سوال بھی پیدا ہوتا ہے کہ ڈگ فورڈ کے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنانے کیلئے اس نوعیت کے اقدامات پہلے بھی کیے گئے یا نہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی مکمل تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔

اونٹاریو لبرل رہنما کے مطابق اس واقعے سے فورڈ حکومت کے گرد موجود اس سیاسی ماحول کی ایک اور مثال سامنے آتی ہے جہاں معمول کے اصول اور عوامی زندگی کے تقاضوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں سخت مقابلہ اور اختلاف اپنی جگہ، لیکن صحیح اور غلط میں فرق واضح ہونا چاہیے۔ کسی خاتون کا دوسرے ملک تک پیچھا کرنا اور اس کی نجی زندگی میں مداخلت کرنا غلط اور ناقابل قبول ہے۔

فریزر نے ڈگ فورڈ سے مطالبہ کیا کہ بتایا جائے جمیکا کے سفر کی اجازت کس نے دی، اس پر کتنی رقم خرچ ہوئی، کون لوگ اس میں ملوث تھے اور آیا اونٹاریو پی سی پارٹی یا وزیر اعلیٰ سے وابستہ افراد نے دیگر سیاسی مخالفین کا بھی تعاقب کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں ایک حد ہوتی ہے اور یہ واقعہ اس حد سے بہت آگے نکل گیا ہے۔ ڈگ فورڈ کو عوام کو مکمل حساب دینا چاہیے کہ ان کی سیاسی ٹیم نے اس نوعیت کے اقدامات کتنی مرتبہ کیے ہیں۔

جان فریزر نے مزید الزام عائد کیا کہ ڈگ فورڈ اپنے سیاسی مفاد کیلئےعوامی اور عطیہ دہندگان کی رقم خرچ کرنے کی کوئی حد نہیں سمجھتے، نجی طیاروں سے لے کر سیاسی مخالفین کی جاسوسی تک انہیں ایسا لگتا ہے جیسے دوسروں کی رقم ان کے ذاتی استعمال کیلئےہو۔