کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی کے علاقے گڈاپ سٹی میں 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ درج کر لیا گیا، جبکہ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
متاثرہ خاندان کے مطابق چار موٹرسائیکلوں پر آٹھ مسلح ملزمان رات تقریباً تین بجے گھر میں داخل ہوئے، چوکیدار اور اہلِ خانہ کو یرغمال بنایا اور سونا، چاندی، نقدی، پرائز بانڈز، موبائل فونز اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے۔
مقدمے میں درج تفصیلات کے مطابق ملزمان 170 سے 200 تولے سونا، 250 سے 300 تولے چاندی، 25 لاکھ روپے نقد، پرائز بانڈز اور دیگر قیمتی اشیا لے گئے، جن کی مالیت 10 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کیلئےکارروائی جاری ہے، علاقے کی جیو فینسنگ کرائی جا رہی ہے اور نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔

