کراچی(نمائندہ خصوصی)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے کینیڈا جانے والے مسافروں کیلئے نئی بیگیج پالیسی نافذ کر دی ہے، جس کے تحت مفت سامان لے جانے کی حد میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
پی آئی اے کے اعلامیے کے مطابق 22 جون 2026ء یا اس کے بعد جاری ہونیوالے تمام ٹکٹوں پر نئی پالیسی کا اطلاق ہوگا۔ یہ سہولت ٹورنٹو اور پاکستان کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کیلئے فراہم کی گئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق اکانومی کلاس کے مسافروں کو 28، 28 کلوگرام وزن کے دو بیگ ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی، جبکہ ایگزیکٹو اکانومی کلاس کے مسافر 28، 28 کلوگرام وزن کے تین بیگ لے جا سکیں گے۔ اسی طرح شیر خوار بچوں کیلئے 10 کلوگرام وزن کا ایک بیگ مفت لے جانے کی اجازت ہوگی۔
پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مسافروں کی سہولت کے پیشِ نظر مفت سامان کی حد میں دوبارہ اضافہ کیا گیا ہے۔ نئی بیگیج پالیسی فوری طور پر نافذ العمل ہے اور اس کا اطلاق متعلقہ پروازوں پر ہوگا۔کینیڈا سفر کرنے والے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ روانگی سے قبل اپنی بکنگ اور سامان سے متعلق تفصیلات کی تصدیق کر لیں تاکہ ایئرپورٹ پر کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

