یورپی ممالک کو اپنی سلامتی کی زیادہ ذمہ داری خود اٹھانا ہو گی: جرمن وزیرِ دفاع

برلن(رائٹرز، اے ایف پی، بی بی سی)جرمنی کے وزیرِ دفاع بورس پسٹوریئس نے کہا ہے کہ یورپی ممالک کو اپنی سلامتی کی زیادہ ذمہ داری خود اٹھانا ہو گی۔انہوں نے کہا کہ یورپ، خصوصاً جرمنی میں امریکی افواج کی موجودگی دونوں ممالک کے مفاد میں ہے، تاہم مستقبل میں یورپ کو اپنے دفاع پر زیادہ انحصار کرنا پڑے گا۔

ان کے مطابق امریکا کی جانب سے یورپ سے اپنی فوجیں واپس بلانے کا امکان پہلے سے موجود تھا، اسلئے دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔جرمن وزیرِ دفاع نے بتایا کہ جرمنی اپنی مسلح افواج کو بڑھا رہا ہے، جدید ساز و سامان تیزی سے خرید رہا ہے اور دفاعی انفرااسٹرکچر کو بہتر بنا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ تمام مشنز کیلئےجرمنی اپنے اتحادیوں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے گا۔