9 مئی :شاہ محمود قریشی بری، یاسمین راشد سمیت متعدد رہنماؤں کو 10،10 سال قید

لاہور(نمائندہ خصوصی)لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے واقعات سے متعلق ایک اور مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کو بری کر دیا، جبکہ ڈاکٹر یاسمین راشد، محمود الرشید، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت متعدد ملزمان کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کا محفوظ فیصلہ سنایا۔

یہ مقدمہ تھانہ مغل پورہ میں درج جلاؤ گھیراؤ کیس سے متعلق تھا، جس میں مجموعی طور پر 22 ملزمان کے خلاف کارروائی کی گئی۔ عدالت نے دو ملزمان کو اشتہاری قرار دیا، جبکہ زیرِ سماعت 20 ملزمان میں سے 8 کو سزائیں اور 12 کو بری کر دیا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق شاہ محمود قریشی کیخلاف الزامات ثابت نہ ہونے پر انہیں بری کر دیا گیا جبکہ دیگر مرکزی رہنماؤں کو 10،10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

یہ لاہور میں 9 مئی کے واقعات سے متعلق آٹھویں مقدمے کا فیصلہ ہے۔ لاہور میں ان واقعات کے حوالے سے مجموعی طور پر 14 مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں سے متعدد کے فیصلے پہلے ہی سنائے جا چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد مختلف شہروں میں سرکاری و عسکری تنصیبات پر حملوں اور توڑ پھوڑ کے مقدمات درج کیے گئے تھے، جن میں پی ٹی آئی کے کئی رہنما اور کارکن نامزد ہیں۔