برطانوی پولیس نے امریکی فضائی اڈے سے متعلق واقعے میں ساتویں شخص کو گرفتار کرلیا

لندن(رائٹرز، اے پی) برطانوی پولیس نے ایران سے منسلک کیے جانے والے سیکیورٹی واقعے کے سلسلے میں 22 سالہ شخص کو دہشت گردی کی تیاری کے شبے میں گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق گرفتار شخص برطانوی شہری ہے اور اسے وسطی لندن کے علاقے ویسٹ منسٹر سے حراست میں لیا گیا، اس کے ساتھ ایک رہائشی مقام کی تلاشی بھی لی گئی۔

یہ گرفتاری انگلینڈ میں امریکی فوج کے زیر استعمال رائل ایئر فورس فیئر فورڈ کے قریب مبینہ سازش کی تحقیقات کے سلسلے میں ساتویں گرفتاری ہے۔

اس سے قبل 27 ستمبر کو ایئر بیس کے قریب 20 سال کی عمر کے 5 برطانوی شہریوں کو حراست میں لیا گیا تھا، جبکہ یکم اکتوبر کو لندن سے 25 سالہ برطانوی ایرانی شہری کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق پہلے گرفتار کیے گئے تمام 6 افراد کو تحقیقات مکمل ہونے تک ضمانت پر رہا کردیا گیا ہے۔پولیس نے پہلے گرفتار کیے گئے افراد سے منسلک 3 گاڑیوں سے پٹرول برآمد کیا تھا تاہم کوئی دھماکا خیز مواد نہیں ملا تھا۔

امریکی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فیئر فورڈ ایئر بیس پر ممکنہ ایرانی ڈرون حملے کے خدشے کے باعث وہاں موجود امریکی بی ون بمبار طیارے واپس امریکا منتقل کیے گئے، تاہم ایران نے مبینہ سازش میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔برطانوی انسداد دہشت گردی پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور تفتیش کار واقعے کے تمام ممکنہ پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔