حکومت اور اپوزیشن کے مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے: ایاز صادق

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے تھے، تعطل پاکستان تحریک انصاف اور اس کے اتحادیوں کے درمیان پیدا ہوا جو بدقسمتی ہے۔

ایاز صادق مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے انہیں اپوزیشن سے ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ انہوں نے مذاکرات میں سہولت کار کی حیثیت سے کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کی اور اب بھی اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ارکان رانا ثناء اللہ اور طارق فضل چوہدری بھی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں مولانا فضل الرحمان نے مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیا۔