ریڈ ریور میں 98 لاکھ لیٹر گندا پانی بہہ گیا، ونی پیگ انتظامیہ نے تحقیقات شروع کردیں

ونی پیگ (سی ٹی وی نیوز) کینیڈا کے شہر ونی پیگ میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ سے تقریباً 98 لاکھ لیٹر غیر صاف شدہ گندا پانی ریڈ ریور میں خارج ہونے کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

شہر کی انتظامیہ کے مطابق پیر کی علی الصبح ایک بجے کے کچھ دیر بعد نارتھ اینڈ واٹر پلوشن کنٹرول سینٹر کے نئے حصے کے قریب سیوریج کا اخراج شروع ہوا، جو صبح 3 بج کر 47 منٹ تک جاری رہا۔ ابتدائی اندازے کے مطابق 98 لاکھ لیٹر غیر صاف شدہ گندا پانی دریا میں جا گرا۔

حکام کا کہنا ہے کہ نئے پلانٹ میں نصب خودکار بائی پاس گیٹ غیر متوقع طور پر کھل گئے، جس کے باعث سیوریج دریا میں خارج ہوا۔ ونی پیگ کے شعبۂ آب و نکاسی کے ڈائریکٹر ٹم شینکس نے منگل کو بتایا کہ ان گیٹس کو دستی طریقے سے چلانے کے لیے مقرر کیا گیا تھا، تاہم وہ خودکار نظام پر تھے۔ انتظامیہ اس بات کی تحقیقات کررہی ہے کہ انہیں خودکار نظام پر کس نے اور کیوں منتقل کیا۔

ٹم شینکس کے مطابق سیوریج کا اخراج دو گھنٹے سے زائد جاری رہا اور اس کا علم اس وقت ہوا جب عمارت کے دوسرے حصے میں نصب خطرے کی گھنٹی بجی۔ واقعے کی اطلاع صوبائی حکومت اور وفاقی حکام کو دے دی گئی ہے۔ شہر کی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گی اور متعلقہ اداروں کی ہدایات کے مطابق ضروری اصلاحی اقدامات اٹھائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ مستقبل میں ایسے واقعے کی روک تھام کے لیے بائی پاس گیٹس پر جسمانی تالے لگا دیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اخراج سے پانی کے معیار پر طویل مدتی اثرات مرتب ہونے کا امکان نہیں اور عوام کو فوری طور پر کوئی خطرہ لاحق نہیں۔

ٹم شینکس نے کہا کہ ریڈ ریور کے پانی کے معیار کی باقاعدگی سے ہفتہ وار جانچ کی جاتی ہے، جبکہ واقعے کے بعد اضافی نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں۔ ان کے نتائج کا انتظار ہے۔ اگر پانی کے معیار سے متعلق کوئی تشویش سامنے آئی تو عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔

دوسری جانب مانیٹوبا کے وزیر ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی مائیک موئیس نے اپنے بیان میں کہا کہ صوبائی حکومت شہر کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کا جائزہ لے گی تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ سیوریج کا اخراج کیسے ہوا اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے کیا اقدامات کیے جارہے ہیں۔ رپورٹ کے جائزے کے بعد یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ آیا ضابطوں کی خلاف ورزی پر کسی کارروائی کی ضرورت ہے یا نہیں۔

مائیک موئیس نے کہا کہ ایسے واقعات اس بات کی اہمیت اجاگر کرتے ہیں کہ صوبائی حکومت نارتھ اینڈ واٹر پلوشن کنٹرول سینٹر کی بہتری کے منصوبے کی بھرپور حمایت کررہی ہے، کیونکہ یہ مانیٹوبا کی جھیلوں اور دریاؤں کے تحفظ کے عزم کا حصہ ہے۔

واضح رہے کہ ونی پیگ انتظامیہ کو 2025ء میں بھی صوبائی حکومت کی جانب سے قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب 2024ء میں سیوریج کی دو پائپ لائنیں ناکارہ ہونے کے باعث 22 کروڑ 84 لاکھ لیٹر خام گندا پانی ریڈ ریور اور جھیل ونی پیگ میں جا گرا تھا۔