دبئی (وام) دبئی کے حکمران اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیرِ اعظم شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے غزہ میں 50 ہزار فلسطینیوں کو پناہ فراہم کرنے کے لیے خیمے بھیجنے کی ہدایت جاری کردی۔
اماراتی خبر رساں ادارے کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرد موسم، موسلا دھار بارشوں اور سیلاب کے خطرات سے بے گھر فلسطینی خاندانوں کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
خیمے محمد بن راشد آل مکتوم گلوبل انیشی ایٹوز کے ذریعے غزہ بھیجے جائیں گے اور فلسطینی علاقے کے مختلف حصوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔ اس امدادی سرگرمی میں متحدہ عرب امارات کے امدادی مشن ’’آپریشن چیولرس نائٹ 3‘‘ کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔
متحدہ عرب امارات کے صدارتی مشیر انور قرقاش نے غزہ میں بارش اور سردی کے دوران بے گھر فلسطینیوں کی خیموں میں کسمپرسی کی زندگی کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ متاثرین کی مشکلات کم کرنے کیلئےامدادی کوششوں میں مزید اضافہ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دبئی کے حکمران کی جانب سے 50 ہزار افراد کے لیے خیموں کی فراہمی فلسطینی عوام کی مدد اور ان کی مشکلات کم کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے مسلسل انسانی ہمدردی کے اقدامات کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے نومبر 2023ء میں غزہ کیلئےامدادی مشن شروع کیا تھا، جس کے تحت گزشتہ 3 برس کے دوران خوراک، ادویات، پانی اور رہائش سمیت مختلف شعبوں میں امداد فراہم کی گئی ہے۔

