صنعا :حوثیوں کا سعودی ایف 15 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ

صنعا (غیر ملکی میڈیا) یمنی حوثی فورسز نے یمن کی فضائی حدود میں سعودی ایف 15 لڑاکا طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے۔حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے کہا کہ سعودی ایف 15 طیارے کو یمن کے شمال مشرقی صوبے مأرب میں جبل حیلان کے قریب مقامی طور پر تیار کردہ زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔

یحییٰ سریع کے مطابق سعودی لڑاکا طیارہ مأرب گورنری کی فضائی حدود میں فوجی کارروائیوں میں مصروف تھا، اس دوران اسے میزائل سے مار گرایا گیا۔حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللہ نے بھی سعودی ایف 15 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ مأرب میں جاری سعودی کارروائیوں میں شامل تھا۔

سعودی حکام کی جانب سے حوثیوں کے اس دعوے کی فوری طور پر تصدیق یا تردید نہیں کی گئی اور سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے بھی فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی اتحاد نے دعویٰ کیا تھا کہ یمنی حوثیوں کی جانب سے بھیجا گیا ڈرون مکہ مکرمہ کے گرد ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل روک لیا گیا۔

سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے کہا تھا کہ حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی یہ دوسری کوشش تھی، اس سے قبل جولائی 2017 میں بھی مکہ مکرمہ کی جانب بیلسٹک میزائل داغا گیا تھا۔دوسری جانب گزشتہ رات سعودی عرب کے شہروں جازان، ابہا اور خمیس مشیط میں حملے کے خطرے کے پیش نظر سائرن بجائے گئے، تاہم کچھ دیر بعد ہنگامی وارننگ واپس لے لی گئی۔