اسلام آباد(نامہ نگار) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے کہا ہے کہ لانگ مارچ سے متعلق فیصلہ پاکستان تحریک انصاف کا تھا، تحریک تحفظ آئین پاکستان کو صرف اس فیصلے سے آگاہ کیا گیا تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا تھا کہ اپنے ایجنڈے کو پورے پاکستان کا ایجنڈا بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کا فیصلہ پی ٹی آئی کا اپنا فیصلہ تھا، تحریک تحفظ آئین پاکستان کو پی ٹی آئی نے صرف اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔
علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیا تھا کہ امن و امان، معدنیات اور صوبوں کے معاملات سمیت دیگر اہم مسائل کو بھی ایجنڈے میں شامل کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اتحاد کے ساتھ ملاقات میں پی ٹی آئی کی قیادت بھی موجود تھی، ہم نے آخری نشست میں کہا تھا کہ بیانیے کو پورے ملک کا ایجنڈا بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کے حقوق، بلوچستان اور سندھ کے مسائل کو بھی ایجنڈے میں شامل کیا جائے، جبکہ خیبر پختونخوا اور ملک کے معاشی و سیاسی معاملات کو بھی ایجنڈے کا حصہ بنایا جائے۔علامہ راجا ناصر عباس نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں اتنے قیدی نہیں رہے جتنے اس وقت پنجاب میں قید ہیں۔ ملک میں مہنگائی ہے اور پٹرول کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں۔
اپوزیشن لیڈر سینیٹ نے کہا کہ عوام کو غربت اور دیگر مسائل کا سامنا ہے، ان مسائل کا حل ضروری ہے۔ ہم سب کی طرف سے بات کریں تو پوری قوم ساتھ دے گی۔ان کا کہنا تھا کہ وہ ناامید نہیں ہوتے، اگر ایسے نکات شامل ہوں تو باقی اپوزیشن بھی ساتھ دے گی، آج نہیں تو کل بالآخر ہمیں اسی طرف جانا ہوگا۔

