ٹورنٹو: 3 بچوں کو مبینہ طور پر اغوا کرنیوالی 22 سالہ ماں کی تلاش، پولیس نے تصاویر جاری کر دیں

ٹورنٹو (سی بی سی)کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں پولیس نے اپنے 3 بچوں کو مبینہ طور پر اغوا کرکے فرار ہونے والی 22 سالہ ماں کی تلاش شروع کر دی ہے، بچوں میں 4 ماہ کی بچی، 3 سالہ بچی اور 6 سالہ لڑکا شامل ہیں۔

ٹورنٹو پولیس کے مطابق جمعہ 23 اکتوبر کو صبح تقریباً 11 بج کر 32 منٹ پر مڈلینڈ ایونیو اور ایگلنٹن ایونیو ایسٹ کے علاقے میں بچوں کے اغوا کی اطلاع موصول ہوئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تینوں بچے ایک رشتہ دار کے گھر اپنی والدہ سے نیم نگرانی میں ملاقات کر رہے تھے کہ اس دوران والدہ انہیں لے کر وہاں سے فرار ہوگئی۔

پولیس نے بتایا کہ بچوں کی شناخت 6 سالہ ڈینیئل، 3 سالہ ایرینا اور 4 ماہ کی ایناستاسیا کے نام سے ہوئی ہے۔ بچوں کی والدہ سومردا مائیکلیسکو ٹورنٹو کی رہائشی ہے اور اس کی عمر 22 سال ہے۔ پولیس کے مطابق خاتون کے پاس بچوں کی قانونی تحویل نہیں تھی اور وہ ان کے اغوا کے الزام میں مطلوب ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کے سفید رنگ کی 2017ء ماڈل فورڈ ایکسپیڈیشن گاڑی میں سفر کرنے کا شبہ ہے، جس کا اونٹاریو نمبر پلیٹ ڈی جے جے ایس 875 ہے۔ خاتون کا قد تقریباً 5 فٹ 7 انچ، وزن 180 پاؤنڈ اور بال لمبے اور سیاہ ہیں۔ اسے آخری مرتبہ سیاہ لمبے اسکرٹ اور گہرے رنگ کی قمیض میں دیکھا گیا تھا۔

پولیس نے گاڑی کے مالک 25 سالہ ایونٹ اسٹرو کو بھی اس تفتیش میں اہم شخص قرار دیا ہے۔ پولیس کے مطابق وہ اغوا کے واقعے سے الگ ایک مقدمے میں ضمانت کی شرائط کی خلاف ورزی کے 4 الزامات پر بھی مطلوب ہے۔

پولیس نے خاتون، بچوں اور گاڑی کی تصاویر جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی کو ان کے بارے میں معلومات ہوں تو ٹورنٹو پولیس سے4100-808-416 پر رابطہ کرے۔ حکام کے مطابق تاحال بچوں کی تلاش کیلئے ہنگامی اطلاع جاری نہیں کی گئی۔