ٹورنٹو: پیئرسن ایئرپورٹ پر ڈیلٹا ایئر لائنز کامسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران الٹ گیا

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی)کینیڈا کے شہر ٹورنٹو کے پیئرسن ایئرپورٹ پر ڈیلٹا ایئر لائنز کامسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران الٹ گیا، طیارے میں تقریباً 80 مسافر سوار تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ڈیلٹا ایئر لائنز کی پرواز مینیاپولس سے ٹورنٹو پیئرسن ایئرپورٹ پہنچی تھی کہ لینڈنگ کے دوران الٹ گئی۔اس حوالے سے ایئرپورٹ انتطامیہ نے سوشل میڈیا پوسٹ پر بتایا کہ حادثے کے فوری بعد ہنگامی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچی اور امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے تمام مسافروں اور عملے کو محفوظ نکال لیا گیا ہے۔

تصاویر میں مذکورہ مسافر طیارہ رن وے پر الٹا پڑا ہوا نظر آ رہا ہے، حادثہ پیر کی دوپہر پیش آیا۔متعلقہ حکام نے کینیڈین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کو بتایا کہ حادثے میں آٹھ افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیاہے۔

اطلاعات کے مطابق حادثے کی وجہ رن وے پر جمع ہونے والی برف تھی گزشتہ روز برفانی طوفان کے باعث آٹھ انچ سے زیادہ برف پڑی تھی۔ایوی ایشن ڈیٹا فرم کے مطابق حادثے کا شکار طیارہ 76 نشستوں والا تھا لیکن فوری طور پر یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حادثے کے وقت طیارے میں کتنے مسافر اور عملہ موجود تھا۔

ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ آف کینیڈا (TSB) کی ایک ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے اور وہ طیارے کے بلیک باکس کو بازیافت کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔اس المناک حادثے کے بعد، ٹورنٹو پیئرسن ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے اور تمام پروازوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ لکھیں