پنجاب کے عوامی ترقیاتی منصوبے اہم ہیں یا 11 ارب کا طیارہ؟ چوہدری حسین الٰہی

گجرات (خبر ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری حسین الٰہی نے پنجاب حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ عوامی فلاح و بہبود اور حلقوں کے ترقیاتی کام زیادہ اہم ہیں یا 11 ارب روپے کا طیارہ خریدنا؟

قلعہ اسلام نگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری حسین الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت کی نظر میں لاہور ہی سب کچھ ہے، جبکہ دیگر اضلاع کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ لاہور میں پہلے سے تعمیر شدہ سڑکیں بار بار اکھاڑ کر دوبارہ بنائی جا رہی ہیں، لیکن جب لاہور سے باہر پسماندہ حلقوں کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز جاری کرنے کی بات آتی ہے تو خزانہ خالی ہونے کا عذر پیش کیا جاتا ہے۔

چوہدری حسین الٰہی نے دعویٰ کیا کہ ان کے حلقے میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے دور میں 2022ء میں شروع کیے گئے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے لیے مختص 3 ارب روپے جاری نہیں کیے جا رہے، جبکہ کئی اہم سڑکیں گزشتہ 4 برس سے نامکمل یا خستہ حالی کا شکار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چوہدری سالک حسین کو عدالت میں لے جانے کی بات کی ہے، وہ بھی پنجاب حکومت کو عدالت میں لے جائیں گے تاکہ اپنے حلقے کے عوام کے حقوق اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز حاصل کرسکیں۔

دوسری جانب پنجاب کی وزیرِ اطلاعات عظمیٰ بخاری نے چوہدری حسین الٰہی کے الزامات کے جواب میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے ترقیاتی اقدامات بعض سیاسی عناصر کے لیے پریشانی کا باعث بن رہے ہیں۔