پیٹر گلگن فاؤنڈیشن کااوٹاوا کے نئے اسپتال کیلئے 5 کروڑ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان

اوٹاوا (سی ٹی وی نیوز) کینیڈا کے دارالحکومت اوٹاوا کے نئے اسپتال کی تعمیر کیلئے پیٹر گلگن فاؤنڈیشن نے 5 کروڑ ڈالر عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اوٹاوا کی تاریخ میں کسی فلاحی ادارے یا شخصیت کی جانب سے دیا جانے والا سب سے بڑا عطیہ ہے۔

پیٹر گلگن فاؤنڈیشن نے منگل کو اوٹاوا اسپتال کے جنرل کیمپس میں عطیے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر اونٹاریو کے وزیر اعلیٰ ڈگ فورڈ اور وزیر صحت سلویا جونز بھی موجود تھے۔ پیٹر گلگن معروف تعمیراتی ادارے میٹامی ہومز کے بانی ہیں۔

پیٹر گلگن نے اپنے بیان میں کہا کہ اوٹاوا کینیڈا کا دارالحکومت ہے اور یہاں کے شہریوں کو ملک کے بہترین طبی نظام کی سہولتیں ملنی چاہئیں۔ ان کے مطابق نئے اسپتال کا منصوبہ ایک نسل میں سامنے آنے والا اہم موقع ہے، جس کے ذریعے مریضوں کی دیکھ بھال کے معیار کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے اس وژن کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ صحت زندگی کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے اور اسے محض علاج معالجے تک محدود نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور طبی تحقیق کے ذریعے صوبے اور ملک کی ترقی کا ذریعہ بھی بنایا جاسکتا ہے۔

اس بڑے عطیے کے اعتراف میں اسپتال کی انتظامیہ نے اعلان کیا کہ نئے اسپتال میں تعمیر ہونے والے انتہائی نگہداشت کے ٹاور کا نام پیٹر گلگن کریٹیکل کیئر ٹاور رکھا جائے گا۔ اس ٹاور میں حادثات کے متاثرین کے علاج کا مرکز، ہنگامی طبی خدمات اور انتہائی نگہداشت کے شعبے قائم ہوں گے۔

اوٹاوا اسپتال کے صدر اور چیف ایگزیکٹو کیمرون لوو نے کہا کہ یہ ٹاور اسپتال کو کینیڈا کے نمایاں طبی مراکز میں مزید مضبوط مقام دلانے میں مدد دے گا۔ یہاں انتہائی تشویشناک حالت کے مریضوں کے علاج کے لیے ماہر طبی ٹیمیں، جدید ٹیکنالوجی اور ضروری وسائل ایک جگہ دستیاب ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ ڈگ فورڈ نے اس عطیے کو اوٹاوا کے شعبۂ صحت کے لیے ایک خاص دن قرار دیا اور کہا کہ پیٹر گلگن نے صحت کے شعبے کے لیے کینیڈا میں کسی بھی دوسرے شخص سے بڑھ کر خدمات انجام دی ہیں۔

اوٹاوا اسپتال فاؤنڈیشن کے صدر ٹم کلُوک نے کہا کہ پیٹر گلگن کا عطیہ شہر کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہے اور اس سے دیگر افراد، خاندانوں اور کاروباری اداروں کو بھی نئے اسپتال کی تعمیر میں حصہ لینے کی ترغیب ملے گی۔ ان کے مطابق اب تک 50 ہزار سے زائد افراد اور خاندان اس مہم میں عطیات دے چکے ہیں۔

نئے اوٹاوا سِوک کیمپس کی تعمیر کے لیے شروع کی گئی ’’مہم برائے روشن مستقبل‘‘ کا ہدف 50 کروڑ ڈالر جمع کرنا ہے۔ منگل تک اس مہم کے تحت 46 کروڑ 50 لاکھ ڈالر جمع ہوچکے تھے۔

کارلنگ ایونیو پر تعمیر ہونے والے نئے اسپتال اور طبی تحقیق کے جدید مرکز کی ابتدائی لاگت 2 ارب 80 کروڑ ڈالر مقرر کی گئی تھی، جس میں سے 2 ارب 10 کروڑ ڈالر اونٹاریو حکومت نے فراہم کرنے تھے۔ تاہم گزشتہ ہفتے صوبائی وزیر برائے بنیادی ڈھانچہ ڈیوڈ پچینی نے بتایا تھا کہ اسپتال کے لیے صوبائی سرمایہ کاری اب تقریباً 10 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

ڈیوڈ پچینی نے لاگت میں اضافے کی وجوہات میں تعمیراتی اخراجات، رسدی سلسلے میں مشکلات اور بلدیاتی سطح پر عائد فیسوں کو شامل کیا تھا۔ دوسری جانب وزیر صحت سلویا جونز کے ترجمان نے کہا کہ ابتدائی لاگت کا تخمینہ کئی سال پرانی تجویز کی بنیاد پر لگایا گیا تھا، جبکہ اس دوران منصوبے کا دائرہ کار تبدیل ہوا اور پرانے بنیادی ڈھانچے کی عمر، حالت اور مستقبل میں آبادی کی طبی ضروریات کو بھی مدنظر رکھا گیا۔