گورنر راج آخری آپشن، حکومت کی آخری حد تک نہ جانے کی کوشش: خواجہ آصف

اسلام آباد(نامہ نگار) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج آخری آپشن ہوگا، حکومت کوشش کر رہی ہے کہ وہاں تک نہ جانا پڑے، تاہم کوئی راستہ باقی نہ بچا تو دارالحکومت کو کسی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ہر دو تین ماہ بعد لشکر کشی کے ذریعے دارالحکومت پر حملے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اگر دارالحکومت پر حملہ کیا جائے گا تو حکومت کو اپنے تحفظ کا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنر راج کے حوالے سے حتمی فیصلہ حالات اور دستیاب آپشنز کو دیکھ کر کیا جائے گا، حکومت گورنر راج سمیت تمام آئینی اور قانونی آپشنز پر غور کر رہی ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ عوام میں اتنا سیاسی شعور موجود ہے کہ وہ موجودہ صورت حال کو سمجھ سکتے ہیں، ہزاروں پاکستانیوں کے خون میں ملوث قوت کے ساتھ سیاسی اتحاد اور تعاون قابل قبول نہیں۔خواجہ آصف نے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت اور طالبان کے درمیان روابط کے حوالے سے شواہد موجود ہیں۔