اسلام آباد(نامہ نگار)شازیہ مری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے حلقہ استور 2 میں پولنگ اسٹیشنز کو پہاڑی علاقوں میں منتقل کیے جانے کے باعث ووٹرز کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ان کی جماعت شفاف انتخابات کا مطالبہ کر رہی ہے۔
’’نیا پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پاکستان پیپلز پارٹی نے بھرپور انتخابی مہم چلائی۔ ان کا کہنا تھا کہ فارم 45 ہی فارم 47 کی ضمانت ہے، تاہم جب ان خدشات کا اظہار کیا گیا تو اسے پروپیگنڈا قرار دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پولنگ کا عمل کئی مقامات پر سست روی کا شکار رہا اور ووٹر فہرستوں سے متعلق بھی مسائل سامنے آئے، جس سے ووٹرز کو مشکلات پیش آئیں۔
پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ گلگت بلتستان میں بلاول بھٹو زرداری کو عوامی سطح پر نمایاں مقبولیت حاصل ہے۔شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنی انتخابی مہم کیلئےوفاقی وزراء کو بھی میدان میں اتارا تھا۔
آزاد کشمیر کے معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسائل کا حل صرف مذاکرات اور مکالمے کے ذریعے ممکن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے اور اپنی کمزوریوں کا بوجھ صوبوں پر منتقل کرنے کے بجائے عوامی مسائل کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔

