امریکی عوام مجھ سے تنگ پڑ گئے تو اسرائیل جا کر وزیراعظم بن جاؤں گا:ڈونلڈٹرمپ

واشنگٹن (خبر ایجنسیاں) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر امریکی عوام ان سے تنگ آگئے تو وہ اسرائیل منتقل ہوکر وہاں وزیراعظم بن جائیں گے، اسرائیل میں ان کی مقبولیت 99 فیصد ہے۔

امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کو ٹیلی فون پر انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کے لیے سالانہ 4 ارب ڈالر کی امریکی مالی امداد رواں سال کے اختتام پر بند کرنے کا اعلان بھی کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو اب اس مالی امداد کی ضرورت نہیں، تاہم امریکا اسلحے کی فروخت جاری رکھ سکتا ہے۔

ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا اور ڈیموکریٹس نے کانگریس کے دونوں ایوانوں، ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں اکثریت حاصل کرلی۔

امریکی صدر نے ایران کے خلاف جنگ کے حوالے سے بھی کہا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور اس کے خلاف فوجی کارروائی ضروری تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔

امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق ٹرمپ نے اعتراف کیا کہ ایران جنگ نے انتخابی نتائج پر اثر ڈالا اور اس کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے ووٹرز میں ناراضی پیدا ہوئی۔ تاہم انہوں نے فوجی کارروائی کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ضروری تھا۔

ادھر اسرائیلی میڈیا کے مطابق امریکی امداد بند کرنے کے اعلان پر اسرائیلی سیاسی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ اسرائیلی اپوزیشن رہنماؤں نے بھی امریکی کانگریس میں ڈیموکریٹس کی کامیابی کو نیتن یاہو حکومت کی پالیسیوں کے خلاف صورت حال قرار دیتے ہوئے ان کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسرائیلی اپوزیشن رہنما یائیر لاپید نے کہا کہ اسرائیل نیتن یاہو کے مزید وزیراعظم رہنے کا متحمل نہیں ہوسکتا، کیونکہ ان کی قیادت ملک کی سلامتی، جمہوریت اور عالمی ساکھ کے لیے نقصان دہ ہے۔

واضح رہے کہ امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹس نے سینیٹ اور ایوانِ نمائندگان دونوں میں اکثریت حاصل کرلی ہے۔ اس کامیابی کے بعد ڈیموکریٹس کو قانون سازی، حکومتی اخراجات اور ٹرمپ انتظامیہ کی پالیسیوں کی نگرانی کے حوالے سے اہم اختیارات حاصل ہوگئے ہیں۔