اونٹاریو:سڈبری میں 14 سالہ لڑکے پر مبینہ حملہ، 2 افراد پر فردِ جرم عائد

اونٹاریو(نمائندہ خصوصی) سکیٹ پارک میں 31 جولائی کو مبینہ حملے میں زخمی ہونے والے 14 سالہ کالیب او نیل کی جسمانی اور ذہنی بحالی جاری ہے۔ لڑکے کو شدید دماغی جھٹکے، گال اور بازو کی ہڈیوں میں فریکچر، ہونٹ پر ٹانکے اور ناک کی چوٹ کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ ناک کی سرجری بھی درکار ہے۔

کالیب کی والدہ اسٹیفنی لابروس کے مطابق واقعے کے بعد بیٹا اکیلے باہر جانے سے خوفزدہ ہے اور رواں موسم خزاں میں اسکول جانے کے بجائے آن لائن تعلیم جاری رکھے گا۔

گریٹر سڈبری پولیس نے 11 اگست کو 18 سالہ اسکائیلر کارون اور ایک 14 سالہ شخص کو گرفتار کرکے سنگین حملے اور جان سے مارنے کی دھمکیوں سمیت متعدد الزامات عائد کیے۔ کینیڈین قانون کے تحت 14 سالہ ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی جا سکتی۔ دونوں ملزمان نے تاحال الزامات کا اعتراف نہیں کیا۔

خاندان کو سڈبری اینڈ ایریا وکٹم سروسز کی جانب سے معاونت فراہم کی گئی ہے، جبکہ کالیب اور اہل خانہ کی کاؤنسلنگ بھی جاری ہے۔ والدہ کے مطابق اس وقت خاندان کی توجہ قانونی کارروائی سے زیادہ کالیب کی جسمانی اور ذہنی بحالی پر مرکوز ہے۔