ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی کوششیں، قطری وفد تہران پہنچ گیا

تہران (الجزیرہ) ایران کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے بتایا ہے کہ قطر کا ایک وفد آج تہران پہنچا ہے، جہاں وہ خطے میں امن، سلامتی اور استحکام یقینی بنانے کے لیے ثالثی کی کوششوں کے تحت مذاکرات کررہا ہے۔

الجزیرہ سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی عہدیدار نے کہا کہ قطری وفد کا دورہ ایران اور قطر کے درمیان جاری رابطوں کا حصہ ہے، جو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب ایرانی خبر رساں ادارے وانا نے بھی اطلاع دی ہے کہ قطری حکومت کا ایک طیارہ تہران پہنچا ہے۔ ادارے نے یہ اطلاع پروازوں کی نگرانی کرنے والے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے دی، جو سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر مینچ او ایس آئی این ٹی نامی اکاؤنٹ نے شیئر کیے تھے۔

تاہم خبر شائع ہونے تک قطر اور ایران کی حکومتوں کی جانب سے قطری وفد کے دورے یا طیارے کی تہران آمد کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا تھا۔