ایران جنگ ری پبلکنز کی انتخابی شکست کا سبب بنی: جے ڈی وینس کا اعتراف

واشنگٹن (خبر ایجنسیاں) امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی شکست کی وجہ ایران کے ساتھ جنگ کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سب جانتے ہیں کہ پارٹی کیوں ہاری اور اب اسے آگے بڑھنے کے لیے کیا کرنا ہوگا، اس حوالے سے ہر دیانت دارانہ گفتگو کا آغاز اسی حقیقت سے ہونا چاہیے۔

جے ڈی وینس نے بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں ری پبلکن پارٹی کی انتخابی ناکامی کا تجزیہ کرتے ہوئے ایران جنگ کو شکست کی بنیادی وجہ قرار دیا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں لکھا کہ ہماری شکست کی وجہ جنگ ہے۔

نائب امریکی صدر نے انتخابی حکمت عملی اور معاشی معاملات پر پارٹی کی کارکردگی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ری پبلکن قیادت عوام کو درپیش مشکلات، مہنگائی اور روزمرہ اخراجات کے مسائل کو سمجھنے اور ان کا مؤثر جواب دینے میں ناکام رہی۔ انتخابی حکمت عملی سے متعلق فیصلے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیے تھے۔

جے ڈی وینس کے بیان کو صدر ٹرمپ کی پالیسیوں سے فاصلہ اختیار کرنے اور 2028ء کے صدارتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کی نامزدگی کے لیے اپنی پوزیشن مضبوط بنانے کی کوشش کے طور پر بھی دیکھا جا رہا ہے۔

انہوں نے پارٹی کی آئندہ حکمت عملی کے لیے چار نکاتی لائحہ عمل پیش کرتے ہوئے جنگ کے خاتمے، عوام کے روزمرہ اخراجات اور مہنگائی پر توجہ دینے، امریکی مفادات کو اولین ترجیح دینے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر نظرثانی کرنے کی تجاویز دیں۔

جے ڈی وینس کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وسط مدتی انتخابات میں ری پبلکن پارٹی کو انتخابی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے اور پارٹی کے اندر مستقبل کی سیاسی حکمت عملی اور ایران جنگ کے اثرات پر بحث شروع ہوگئی ہے۔