ایران کا 55واں امریکی ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے اور دو جاسوس ڈرون قبضے میں لینے کا دعویٰ

تہران (خبر ایجنسیاں) ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کے مشرقی حصے میں امریکی فوج کا ایم کیو 9 ڈرون مار گرانے اور جزیرہ قشم کے جنوب میں دو امریکی جاسوس ڈرونز کو الیکٹرانک نظام کے ذریعے ناکارہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق مار گرایا جانے والا ڈرون ایم کیو 9 طرز کا 55واں امریکی ڈرون ہے جسے ایرانی فضائی دفاعی نظام نے نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ جزیرہ قشم کے جنوب میں دو امریکی ایم کیو ایم 170 جاسوس ڈرونز کو جدید الیکٹرانک جنگی نظام کے ذریعے ناکارہ بنایا گیا۔ ایرانی حکام کے مطابق ان دونوں واقعات کے بعد اس طرز کے امریکی ڈرونز کی تعداد چار ہوگئی ہے جنہیں ایرانی فورسز نے اپنے قبضے میں لیا ہے۔

دوسری جانب امریکا نے آبنائے ہرمز میں ایرانی اہداف کے خلاف دفاعی کارروائیوں کی تصدیق کی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق ان حملوں میں ایرانی فورسز کے ان میزائل لانچنگ مقامات کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے امریکی طیاروں اور تنصیبات کے خلاف زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل استعمال کیے جا رہے تھے۔

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق پیر کی شب جزیرہ قشم پر یکے بعد دیگرے پانچ دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جبکہ علاقے میں طیاروں کی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔

تاہم امریکی ڈرونز مار گرانے سے متعلق ایرانی دعوؤں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ امریکی حکام نے ماضی میں بھی ایران کے بعض ڈرون مار گرانے کے دعوؤں کو مسترد کیا ہے۔