ایکشن کمیٹی کا جواب موصول، ٹروتھ کمیشن کی تجویز پر پیش رفت ہوگی: بلاول بھٹو

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ان کے خط کا جواب موصول ہوگیا ہے، جس میں ان کی ٹروتھ کمیشن کے قیام کی تجویز کے ساتھ کمیٹی نے اپنی تجاویز بھی ارسال کی ہیں۔

اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہر قیمتی جان کا ضیاع ایک قومی سانحہ ہے اور اس وقت ان کی اولین ترجیح موجودہ بحران کے خاتمے میں مدد فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا اور آزاد جموں و کشمیر میں جلد از جلد معمولاتِ زندگی بحال کرنا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ اس امر کا خیرمقدم کرتے ہیں کہ کشمیر جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے مجوزہ ٹروتھ کمیشن کو آگے بڑھنے کے ایک ممکنہ ادارہ جاتی راستے کے طور پر قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس کمیشن کی توثیق آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی بھی کرچکی ہے، جبکہ کمیٹی کی جانب سے دی گئی تجاویز کا بھی بغور جائزہ لیا جائے گا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ وہ اب آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سے بھی مشاورت کریں گے۔ ان کے بقول وزیراعظم آزاد کشمیر وفاقی حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین سے ابتدائی رائے حاصل کریں گے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کسی متفقہ تجویز کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ بنیاد موجود ہے یا نہیں۔