بھارت نے 2 اور 3 ستمبر کو میزائل تجربے کیلئے NOTAM جاری کردیا

نئی دہلی(بھارتی میڈیا) بھارت نے 2 اور 3 ستمبر 2026ء کو بحر ہند کے ایک بڑے حصے میں ممکنہ میزائل تجربے کیلئے فضائی حدود سے متعلق NOTAM جاری کردیا ہے۔

دفاعی ذرائع کے مطابق نوٹس میں تقریباً 2,995 کلومیٹر طویل کوریڈور کی نشاندہی کی گئی ہے، جس کے باعث مذکورہ علاقے میں فضائی اور بحری ٹریفک کو محدود رکھنے کے انتظامات کیے گئے ہیں۔ یہ کوریڈور بھارت کے مشرقی ساحل پر واقع ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جزیرے کے قریب میزائل ٹیسٹ رینج سے بحر ہند کی جانب پھیلتا ہے۔

بھارت نے NOTAM میں مجوزہ میزائل کا نام ظاہر نہیں کیا، تاہم کوریڈور کی غیر معمولی طوالت کے باعث اسے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے ممکنہ تجربے سے جوڑا جا رہا ہے۔ بعض دفاعی تجزیوں میں اگنی سیریز کے کسی میزائل، حتیٰ کہ زیرِ بحث اگنی-6، کے تجربے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم اس کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔

واضح رہے کہ NOTAM بنیادی طور پر فضائی حدود میں ممکنہ خطرناک سرگرمی سے متعلق حفاظتی اطلاع ہوتی ہے، اسلئے اس میں درج کوریڈور کی لمبائی کو لازماً میزائل کی اصل مار کی حد قرار نہیں دیا جا سکتا۔

بھارت نے مئی میں بھی ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام جزیرے سے جدید اگنی میزائل کا MIRV نظام کے ساتھ تجربہ کیا تھا، جس میں متعدد وارہیڈز کو مختلف اہداف کی جانب بھیجنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا گیا تھا۔