جون کے مقابلے میں جولائی میں ایل این جی مہنگی، اوگرا نے نئی قیمتیں جاری کر دیں

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے جون کے مقابلے میں جولائی کیلئے درآمدی مائع قدرتی گیس (ایل این جی) کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ کر دیا۔

اوگرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے لیے ایل این جی کی قیمت میں 6.31 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 25.83 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی گئی ہے۔

اسی طرح سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے لیے ایل این جی کی قیمت میں 6.45 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا، جس کے بعد نئی قیمت 25.08 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کر دی گئی ہے۔

اوگرا کے مطابق جولائی کے دوران ایل این جی کے 5 اسپاٹ کارگوز خریدے گئے، جبکہ اوسط اسپاٹ خریداری کی قیمت 18.90 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو رہی۔