ریاض(سعودی وزارتِ خارجہ، بین الاقوامی میڈیا)سعودی عرب نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ حملے رکوانے اور اسرائیل کی توسیع پسندانہ فوجی کارروائیوں کو بند کرانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔
دارالحکومت ریاض میں جاری بیان میں سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ لبنان کی خودمختاری، سلامتی اور استحکام کا احترام ناگزیر ہے اور خطے میں کشیدگی میں اضافے سے گریز کیا جانا چاہیے۔
سعودی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے لبنان کے عوام کے تحفظ اور ملک کی خودمختاری برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ ان کی اسرائیلی وزیرِاعظم کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت ہوئی ہے اور بیروت میں کوئی فوج نہیں بھیجی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ جو فوجی دستے راستے میں تھے انہیں واپس موڑ دیا گیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے مطابق ان کی حزب اللہ کے ساتھ بھی مثبت بات چیت ہوئی ہے۔یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی اور سرحدی جھڑپوں کے باعث خطے کی صورتحال پر عالمی توجہ مرکوز ہے۔

