راولپنڈی(آئی ایس پی آر، خبر ایجنسیاں) کویت کے وزیرِ خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے بدھ کو جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور کویت علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کویت کے ساتھ پاکستان کے مضبوط، دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے اقدامات پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔کویتی وزیرِ خارجہ نے پاکستان کی مستقل حمایت، علاقائی امن و استحکام کے لیے اس کے مثبت کردار اور دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو سراہا۔

