لیسکو افسران عوامی مسائل کے حل اور بجلی چوری روکنے کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروۓ کار لائیں

صارفین کو سہولیات کی فراہمی کیلئے سب کو ٹیم ورک اور احساس ذمہ داری سے کام کرنا ہوگا
چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو کی جانب سے ایمپلائیز اوپن فورم کا انعقاد، چیئرمین لیسکو کی خصوصی شرکت

چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز لیسکو عامر ضیاء اور چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی زیر صدارت لیسکو شالامار اسکول کے آڈیٹوریم میں”لیسکو ایمپلائیز اوپن فورم” کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان لیسکو کی مطابق فورم میں لیسکو کے تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایگزیکٹو انجینئرز اور سب ڈویژنل افسران نے شرکت کی۔

فورم کا مقصد افسران کو ایک ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا تھا جہاں وہ ادارے کی کارکردگی، صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات، بجلی چوری کے خاتمے، ریکوری میں بہتری اور دیگر انتظامی و آپریشنل امور سے متعلق اپنی تجاویز اور آراء براہ راست اعلیٰ انتظامیہ کے سامنے پیش کر سکیں۔

اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز عامر ضیاء نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیسکو کی ترقی اور کامیابی اس کے افسران اور ملازمین کی محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ صارفین کو معیاری خدمات کی فراہمی اور ادارے کی مسلسل بہتری کیلئے تمام افسران کو ٹیم ورک اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ لیسکو کو ملک کی صف اول کی تقسیم کار کمپنی بنانے کیلئے تمام افسران کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے فوری حل، بجلی چوری کے خلاف مؤثر کارروائیوں اور ادارے کی کارکردگی میں بہتری کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔

فورم کے دوران مختلف افسران نے فیلڈ میں درپیش مسائل، انتظامی امور اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے سے متعلق تجاویز پیش کیں جبکہ اعلیٰ انتظامیہ نے ان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز عامر ضیاء نے محمود بوٹی سب ڈویژن کے اسسٹنٹ لائن مین زبیر کو بجلی چوری کے خلاف کارروائی کے دوران جرات مندانہ خدمات انجام دینے پر گلدستہ پیش کیا اور ان کی فرض شناسی کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔