مظفرآباد (نمائندہ خصوصی) آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں مسافر جیپ گہری کھائی میں گرنے سے 2 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق مسافر جیپ کنڈر کے علاقے سے نواحی گاؤں جارہی تھی کہ شکر پٹیاں کے مقام پر گہری کھائی میں جاگری۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور مقامی افراد موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔
ریسکیو عملے اور مقامی افراد نے جائے حادثہ سے 4 افراد کی لاشیں اور 3 زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا، تاہم تینوں زخمی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی جیپ پر گھاس بھی لدی ہوئی تھی۔ ابتدائی طور پر حادثے کی ممکنہ وجوہات میں سڑک کی خراب حالت اور گاڑی کی فٹنس درست نہ ہونا شامل ہیں۔

