کراچی (نامہ نگار، اسٹاف رپورٹر) کراچی کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے منشیات برآمدگی کے مقدمے میں ملزمہ انمول عرف پنکی کو شواہد کی عدم دستیابی پر بری کردیا، جبکہ ان کے خلاف ایک دوسرے مقدمے میں فردِ جرم عائد کرنے کیلئے 29 اکتوبر کی تاریخ مقرر کردی گئی۔
ملزمہ کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے انسدادِ دہشت گردی کے محکمے کے تھانے میں 2018ء میں درج منشیات برآمدگی کے مقدمے میں شواہد نہ ہونے کی بنیاد پر انہیں بری کرنے کا حکم دیا۔عدالت نے ہدایت کی کہ اگر انمول عرف پنکی کسی دوسرے مقدمے میں مطلوب نہیں تو انہیں خواتین کی جیل سے رہا کردیا جائے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت جنوبی نے انمول عرف پنکی اور دیگر ملزمان کے خلاف منشیات برآمدگی کے ایک اور مقدمے میں فردِ جرم عائد کرنے کے لیے 29 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔
عدالت کے مطابق اس روز ملزمہ اور دیگر ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جائے گی۔انمول عرف پنکی اب تک چار مقدمات میں بری ہوچکی ہیں، جبکہ ان کے بھائی ناصر کو بھی اسی مقدمے میں پہلے ہی بری کیا جاچکا ہے۔

