اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اس وقت موجودہ سیٹ اپ کے جانے کی کوئی نشانیاں نہیں ہیں، آصف زرداری، شہباز شریف، فیلڈ مارشل اور سسٹم کے دیگر پانچ، چھ لوگ مل کر بیٹھیں اور دیکھیں کہ کیا کرنا ہے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے جو کہا، اس کی مکمل توثیق کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ اور ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیانات میں فرق ہے، وزیر داخلہ کے بیان کا ایک سیاسی پہلو بھی ہے، جبکہ موجودہ حالات میں ہائبرڈ نظام کی کامیابی میں ہی ہماری نجات ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ محسن نقوی گزشتہ تین، ساڑھے تین سال سے اس نظام سے وابستہ ہیں، جبکہ میں مختلف ادوار میں حکومتوں کا حصہ رہا ہوں اور اس حوالے سے مکمل ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ کیا نواز شریف نے 2013ء سے 2016ء تک کارکردگی نہیں دکھائی؟ کیا نواز شریف نے 1991ء سے 1993ء تک ڈیلیور نہیں کیا؟ میں اداروں کو نہیں بلکہ اشخاص کو الزام دوں گا، خواہ وہ سیاسی ہوں یا اُس وقت کی اسٹیبلشمنٹ سے تعلق رکھتے ہوں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا کہ موجودہ سسٹم کے جانے کی کوئی نشانیاں ہیں، البتہ پیپلز پارٹی اور ہمارے درمیان اختلافات موجود ہیں۔

