موٹروے زیادتی کیس: ایلون مسک کالاہورہائیکورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم

لاہور(نامہ نگار)دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے معروف کاروباری شخصیت ایلون مسک نے موٹروے زیادتی کیس میں مجرموں کی سزائے موت برقرار رکھنے کے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اس پر مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ نے گزشتہ روز موٹروے زیادتی کیس کے دو مرکزی مجرموں عابد ملہی اور شفقت بگا کی جانب سے سزائے موت کے خلاف دائر اپیلیں مسترد کرتے ہوئے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا تھا۔

عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے سناتے ہوئے دونوں مجرموں کو دی گئی سزائے موت برقرار رکھنے کا حکم دیا گیا۔ اس فیصلے کے بعد مجرموں کی سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں قانونی چارہ جوئی کا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا۔

یاد رہے کہ 20 مارچ 2021 کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے موٹروے زیادتی کیس میں عابد ملہی اور شفقت بگا کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنائی تھی۔ بعد ازاں دونوں مجرموں نے 25 مارچ 2021 کو لاہور ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کرتے ہوئے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے بعد ایلون مسک نے بھی اس پر ردعمل دیتے ہوئے فیصلے کا خیر مقدم کیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کا بیان توجہ کا مرکز بن گیا۔ موٹروے زیادتی کیس پاکستان کے نمایاں اور حساس مقدمات میں شمار ہوتا ہے، جس نے ملک بھر میں خواتین کے تحفظ اور قانون کی عملداری سے متعلق وسیع بحث کو جنم دیا تھا۔