ٹورنٹو سے کراچی اڑان بھرتے ہی پی آئی اے طیارے کے کارگو ہولڈ میں فائر الارم

ٹورنٹو (نمائندہ خصوصی) ٹورنٹو سے کراچی روانہ ہونے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 784 کے طیارے کے کارگو حصے میں فائر الارم کی وارننگ موصول ہونے کے بعد پرواز کو روانگی کے کچھ ہی دیر بعد واپس ٹورنٹو ایئرپورٹ اتار لیا گیا۔

پی آئی اے کے ترجمان کے مطابق ٹیک آف کے فوراً بعد طیارے کے کارگو ایریا سے فائر الارم کی وارننگ موصول ہوئی، جس پر کپتان نے ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کرکے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔

اجازت ملنے کے بعد طیارے کو بحفاظت ٹورنٹو ایئرپورٹ واپس لایا گیا، جہاں ٹورنٹومیں‌موجودائیر پورٹ کی ٹیکنیکل انجینئرنگ ٹیم طیارے کا معائنہ کررہی ہے.طیارے کے کپتان امان درانی اور دیگر کرو ائیرپورٹ سے ہوٹل روانہ ہوگیاہےجبکہ فائر بریگیڈ کا عملہ بھی طیارے کے کارگو ہولڈ کی جانچ میں مصروف ہے۔

پی آئی اے کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت طیارے میں سوار 130 مسافروں کو ایئرپورٹ لاؤنج منتقل کردیا گیا۔طیارے کے کارگو ہولڈ میں موجود سامان کو آف لوڈ کرکے اس کی بھی جانچ کی جارہی ہے،علاوہ ازیں کل بروزسوموار شام 5بجے جہاز کو کراچی روانگی کیلئےاجازت دیدی گئی ہے۔