اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) سندھ کے وزیرِ اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے، کیا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف اپنی نشستیں جیتے تھے؟
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی اور کشمیری عوام کے مینڈیٹ کو روندا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیئر بخاری نے مسلم لیگ (ن) کی مہر لگے بیلٹ پیپرز بھی دکھائے تھے، سوال یہ ہے کہ وہ بیلٹ پیپر کہاں سے آئے؟
شرجیل میمن نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں تاریخی دھاندلی کی گئی، جبکہ مہاجرین کی نشستوں پر پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے کارکن کھلے عام ٹھپے لگاتے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) غلطی تسلیم کرنے کے بجائے جشن منا رہی ہے، جس جماعت نے 2024ء کے عام انتخابات میں دھاندلی نہیں مانی، وہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں دھاندلی کیسے تسلیم کرے گی؟
انہوں نے کہا کہ “ایک تو چوری، اوپر سے سینہ زوری” کی کیفیت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں عوام کو بتایا جائے کہ انتخابات کے دوران کیا کچھ ہوا، تاہم ہمارا لہجہ مسلم لیگ (ن) جیسا نہیں ہوگا۔
صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ 27 جولائی کو چوہدری اظہر کی جانب سے اسٹمپنگ کی گئی، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے کارکن انتخابی عمل میں دھاندلی کرتے رہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی جماعت مسلسل الیکشن کمیشن کو شکایات کرتی رہی، تاہم کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز موسم بالکل صاف اور دھوپ تھی، اس کے باوجود الیکشن کمشنر نے موسم کو جواز بنا کر فیصلہ کیا۔

