واشنگٹن (ایجنسیاں) امریکی وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے عہدے پر اپنے آخری دن اپنے دونوں کمسن بچوں کو وائٹ ہاؤس کے بریفنگ روم میں لے آئیں۔
کیرولین لیویٹ نے اس موقع پر اپنے دونوں بچوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور اپنے ایک کمسن بچے کو کیمروں کی جانب دیکھ کر مسکرانے کے لیے بھی کہتی رہیں۔
جمعرات کو وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری کے طور پر کیرولین لیویٹ کا آخری دن تھا، جس کے ساتھ ان کی تقریباً 20 ماہ پر محیط مدتِ ملازمت اختتام پذیر ہوگئی۔
اپنے آخری روز دیے گئے انٹرویوز میں کیرولین لیویٹ نے کہا کہ ماں کا کردار نبھانا اور ملازمت کے تقاضے پورے کرنا اب بیک وقت ممکن نہیں رہا تھا۔ ملازمت کرنے والی ماں کے لیے ہر دن ایک چیلنج ہوتا ہے اور اس کے لیے قربانیاں دینا پڑتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے دونوں بچے ابھی انتہائی کم عمر ہیں اور ان کی پرورش کے لیے گھر میں موجود رہنا ضروری ہے، تاہم ملازمت کی مصروفیات کے باعث وہ بچوں کو مطلوبہ وقت اور توجہ نہیں دے پا رہی تھیں۔
کیرولین لیویٹ کے مطابق ان کی دوسری بیٹی کی پیدائش نے انہیں اس حقیقت کا احساس دلایا کہ گھر میں دو ایسے کمسن بچے ہیں جنہیں اپنی ماں کی مسلسل توجہ اور موجودگی کی ضرورت ہے اور وہ اس کے حق دار بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کے بچے ابھی بہت چھوٹے ہیں اور یہ عمر بچوں کی شخصیت اور نشوونما پر گہرا اثر ڈالتی ہے، جبکہ بچوں کے ساتھ گزارا جانے والا یہ وقت دوبارہ واپس نہیں آتا۔
واضح رہے کہ 29 سالہ کیرولین لیویٹ امریکی تاریخ کی کم عمر ترین وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری ہیں۔ ان کے پہلے بیٹے کی عمر 2 سال جبکہ دوسری بیٹی کی عمر 3 ماہ ہے۔

