کیلگری(نامہ نگار)کیلگری اور اردگرد کے علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں کی سطح بلند ہو گئی ہے، جس کے بعد نشیبی علاقوں میں سیلابی خطرات بڑھ گئے ہیں۔ماحولیات اور موسمیاتی تبدیلی کے ادارے کے مطابق شہر میں 50 سے 100 ملی میٹر تک بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں یہ مقدار 100 ملی میٹر سے بھی زیادہ ہو سکتی ہے۔
حکام نے ڈرائیورز کو ہدایت کی ہے کہ وہ سڑکوں پر جمع پانی سے احتیاط کریں اور زیرِ آب سڑکوں پر گاڑی چلانے سے گریز کریں۔یونیورسٹی آف سسکیچیوان کے ہائیڈرولوجسٹ جان پومروئے کے مطابق صورتحال تشویشناک ضرور ہے لیکن 2013 کے تباہ کن سیلاب جیسی نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا ہے کہ اس وقت پانی کی سطح بلند ہے مگر خطرناک حد تک نہیں پہنچی۔
ماہرین کے مطابق بو ریور میں پانی کا بہاؤ معمول سے کہیں زیادہ ہو گیا ہے، تاہم یہ 2013 کے سیلاب کے مقابلے میں کافی کم ہے۔شہر کی انتظامیہ نے دریائی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بوٹنگ پر پابندی اور وارننگ جاری کر دی ہے جبکہ ایمرجنسی ادارے 24 گھنٹے صورتحال کی نگرانی کر رہے ہیں۔
کیلگری میئر کے مطابق ذخائر (ریزروائرز) پہلے ہی خالی رکھے گئے تھے تاکہ اضافی پانی کو سنبھالا جا سکے، اور ہنگامی ٹیمیں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔دوسری جانب بنف نیشنل پارک اور قریبی علاقوں میں بھی کئی مقامات پر پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث راستے اور تفریحی مقامات بند کر دیے گئے ہیں، جبکہ کنمور میں بھی سیلابی الرٹ جاری ہے۔

