اسلام آباد :لائبہ اعجاز سے 93 لاکھ روپے کا فراڈ، تین ملزمان گرفتار

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اعلیٰ تعلیم کیلئے امریکا بھجوانے اور اسکالرشپ دلوانے کا جھانسہ دے کر لائبہ اعجاز سے مبینہ طور پر 93 لاکھ روپے ہتھیانے والے گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں نعمان، فاطمہ سرور اور عائزہ شامل ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے امریکی ویزا اور اسکالرشپ دلوانے کے نام پر لائبہ اعجاز سے 93 لاکھ روپے وصول کیے۔ انہیں جعلی اسکالرشپ، جامعات کے داخلوں کے پیشکش نامے اور فیس کی رسیدیں بھی فراہم کی گئیں۔

امریکا میں اعلیٰ تعلیم اور اسکالرشپ کے حصول کا خواب فراڈ ثابت ہونے کے بعد لائبہ اعجاز کو مبینہ طور پر شدید مالی نقصان اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ خبر کے مطابق انہوں نے 9 اکتوبر کو اسلام آباد میں گلے میں پھندا ڈال کر مبینہ طور پر خودکشی کرلی۔

پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ادارے نے معاملے کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے، جبکہ فراڈ میں مزید افراد کے ملوث ہونے کے امکان کے پیش نظر تفتیش جاری ہے۔