پشاور (نمائندہ خصوصی) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی سربراہی میں 11 رکنی ایڈوائزری کونسل کا پہلا اجلاس ہوا، جس میں صوبے میں امن و امان کے قیام، دہشت گردی کے خاتمے، شفافیت اور ترقی و خوشحالی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے ایڈوائزری کونسل کے ارکان کو خوش آمدید کہا اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے متعلقہ اداروں میں محنت، لگن اور دلجمعی سے فرائض انجام دیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ صوبے کو امن کا گہوارہ بنایا جائے۔ ریاست کا عزم ہے کہ خیبرپختونخوا میں امن کا قیام یقینی بنایا جائے، جبکہ صوبے میں امن و امان کا قیام ہماری پہلی ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پولیس اور محکمہ انسدادِ دہشت گردی کی استعدادِ کار بڑھائی جائے گی۔ خیبرپختونخوا میں تعلیم، صحت، انصاف اور دیگر شعبوں میں شفافیت لائی جائے گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بدعنوانی کے معاملے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔ صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، جبکہ سیاحت کے شعبے کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

