راولپنڈی (آئی ایس پی آر) کرم میں پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز نے 12 خوارج اور افغان طالبان کو ہلاک کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار ہدایت امان نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق کرم میں پاک افغان سرحد پر پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا پتا چلا، جس پر سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ دراندازی کی کوشش کے دوران خوارج کی معاونت کے لیے افغان طالبان کی سرحدی چوکیوں سے بھی فائرنگ کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار ہدایت امان کی عمر 40 سال تھی اور ان کا تعلق ضلع غذر سے تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ افغان سرزمین کو دہشت گرد تنظیموں کے استعمال سے روکنے میں ناکامی کے پاکستان کے مؤقف کی تصدیق کرتا ہے۔ افغان طالبان رجیم سرحد پار دہشت گردی روکنے کے بجائے اس کی سہولت کاری اور سرپرستی کر رہی ہے اور اپنی بین الاقوامی انسدادِ دہشت گردی کی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن بھی کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رہے گی اور بیرونی سرپرستی و معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ملکی سرحدوں کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

