ساؤ لُوئس (خبر ایجنسیاں) برازیل میں ہوٹل کی ساتویں منزل پر کھڑکی کے ساتھ ٹیک لگا کر بیٹھنے والی 26 سالہ خاتون کھڑکی کا فریم اچانک ٹوٹنے کے باعث نیچے گر کر ہلاک ہوگئی۔ واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی ہے، جس میں حادثے کے لمحات محفوظ ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ 3 نومبر کو برازیل کی ریاست مارانھاؤ کے شہر ساؤ لُوئس کے ریو پوٹی ہوٹل میں پیش آیا، جہاں ریناتا ریبیکا نیگراؤ سالدانیا ڈوس سانتوس اپنے دوست کے ہمراہ موجود تھیں۔
ہوٹل کی راہداری میں نصب کیمرے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون اپنے دوست کے ساتھ کھڑکی کے قریب پہنچیں اور کچھ دیر بعد کھڑکی کے کنارے بیٹھ کر اس کے فریم کے ساتھ ٹیک لگالی۔ اسی دوران کھڑکی کا المونیم فریم اچانک اپنی جگہ سے اکھڑ گیا اور خاتون ساتویں منزل سے نیچے جاگریں۔
حادثے کے بعد ان کے ساتھ موجود دوست چند لمحوں تک سکتے کی حالت میں بیٹھا رہا، جبکہ ہوٹل کا ایک ملازم بھی موقع پر پہنچ گیا۔ خاتون کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔
پولیس کے مطابق خاتون کے دوست سے بھی واقعے کے بارے میں پوچھ گچھ کی گئی، تاہم ویڈیو کے جائزے میں دھکا دینے یا تشدد کے شواہد سامنے نہیں آئے۔ پولیس واقعے کو حادثاتی موت قرار دے کر تحقیقات کررہی ہے۔
حکام کے مطابق کھڑکی کے فریم کا تکنیکی معائنہ کیا جارہا ہے تاکہ معلوم کیا جاسکے کہ وہ کس وجہ سے اپنی جگہ سے الگ ہوا اور اس میں کسی قسم کی فنی خرابی یا غفلت تو شامل نہیں تھی۔ہوٹل انتظامیہ نے خاتون کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات میں متعلقہ حکام سے مکمل تعاون کررہی ہے۔

