دلیر مہندی کے بیٹے کا ابھیجیت کے طنزیہ بیان پر سخت ردعمل، والد کے گلوکاری کا دفاع

ممبئی (بھارتی میڈیا) معروف بھارتی گلوکار دلیر مہندی کے بیٹے گوردیپ مہندی نے گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ کے طنزیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے والد اتراکھنڈ کے متنازع پروگرام میں براہِ راست گانا گا رہے تھے، ریکارڈ شدہ آواز پر صرف لب نہیں ہلا رہے تھے۔ انہوں نے ابھیجیت کو پیشکش کی کہ وہ اس روز کی ویڈیو فوٹیج دیکھ لیں تاکہ ان کی غلط فہمی دور ہو سکے۔

گوردیپ مہندی نے اپنے ایک حالیہ پروگرام کے دوران اس معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض فنکار چند مشاہدات اور مقبولیت حاصل کرنے کے لیے کچھ بھی کہہ دیتے ہیں۔ انہیں ابھیجیت سے اس طرح کے بیان کی توقع نہیں تھی، خصوصاً جب بات ان کے والد جیسے سینئر اور معروف گلوکار کی ہو۔

انہوں نے کہا کہ وہ ابھیجیت کو اتراکھنڈ میں ہونے والے پروگرام کی فوٹیج بھیج دیں گے، جسے دیکھ کر انہیں معلوم ہو جائے گا کہ دلیر مہندی براہِ راست گانا گا رہے تھے اور گانے کے ساتھ صرف لب نہیں ہلا رہے تھے۔

گوردیپ نے مزید کہا کہ اچھا اور برا وقت ہر کسی کی زندگی میں آتا ہے، اس لیے دوسروں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے شائستگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے ابھیجیت سے کہا کہ وہ تحمل سے کام لیں، وہ ویڈیو فوٹیج کے ذریعے ان کی غلط فہمی جلد دور کر دیں گے۔

یہ تنازع گزشتہ ماہ اتراکھنڈ میں ایک ثقافتی تقریب کے دوران شروع ہوا تھا، جہاں ریاستی وزیر سبودھ یونیال نے دلیر مہندی کی پرفارمنس کے دوران اسٹیج پر آکر انہیں روک دیا تھا۔ وزیر نے گلوکار کی حالت اور گانے کے انداز پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ جب وہ ٹھیک سے بول بھی نہیں پا رہے تو گانا کیسے گائیں گے؟ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ گلوکار براہِ راست گانے کے بجائے ریکارڈ شدہ آواز پر پرفارم کر رہے ہیں۔

بعد ازاں ابھیجیت بھٹاچاریہ نے چھتیس گڑھ کے ایک پروگرام میں براہِ راست گلوکاری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کوئی فنکار مائیک پر حقیقی طور پر نہیں گا رہا تو اسے ایسا کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ انہوں نے اتراکھنڈ کے واقعے کا واضح نام لیے بغیر کہا تھا کہ اس موقع پر وزیر نے اسٹیج پر آکر درست بات کی تھی، تاہم لوگوں نے انہیں ہی تنقید کا نشانہ بنا دیا۔

ابھیجیت کے اس بیان کو دلیر مہندی کی پرفارمنس سے متعلق تنازع پر تبصرہ قرار دیا گیا، جس کے بعد گوردیپ مہندی نے اپنے والد کا دفاع کیا۔

واقعے کے بعد گلوکار میکا سنگھ سمیت متعدد فنکاروں نے بھی دلیر مہندی کی حمایت کی تھی۔ میکا سنگھ نے کہا تھا کہ ان کے بھائی کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی، تاہم انہوں نے منتظمین سے کیے گئے وعدے کی وجہ سے پروگرام میں شرکت کی۔ میکا نے دلیر مہندی پر شراب نوشی کے الزامات کو بھی مسترد کیا تھا۔

دوسری جانب وزیر سبودھ یونیال نے دعویٰ کیا تھا کہ دلیر مہندی کو اس پروگرام میں پرفارم کرنے کے لیے 35 لاکھ بھارتی روپے ادا کیے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر گلوکار کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی تو انہیں پروگرام میں شرکت سے معذرت کر کے رقم واپس کر دینی چاہیے تھی۔

گوردیپ مہندی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ان کے والد نے انہیں ہمیشہ براہِ راست گلوکاری کی تربیت دی ہے اور وہ اسی اصول پر عمل کرتے ہیں۔ انہوں نے ابھیجیت کو ایک بار پھر دعوت دی کہ وہ متعلقہ پروگرام کی فوٹیج دیکھ کر اپنی رائے قائم کریں۔