مسی ساگا کی ترقی، شہری سلامتی اور روزگار اولین ترجیحات ہیں: ایلون ٹیڈجو

مسی ساگا (نمائندہ خصوصی) مسی ساگا کے میئر کے امیدوار ایلون ٹیڈجو نے کہا ہے کہ شہر کی ترقی کیلئے ان کے پاس جامع منصوبہ ہے، جبکہ شہریوں کی سلامتی، روزگار کے مواقع میں اضافہ اور مہنگائی کے دباؤ میں کمی ان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے یہ بات بیرسٹر عتیق ملک کی رہائش گاہ پر منعقدہ کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ایلون ٹیڈجو نے کہا کہ مسی ساگا کے رہائشیوں کو مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات کے باعث مشکلات کا سامنا ہے، اسلئے پراپرٹی ٹیکس کم از کم 2 سال کیلئے منجمد ہونا چاہیے۔ وہ اس سے قبل بھی پراپرٹی ٹیکس 2 سال کیلئے منجمد کرنے کی تجویز دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزرگ شہریوں کیلئےپراپرٹی ٹیکس میں مستقل ریلیف کا طریقہ کار بھی وضع کیا جانا چاہیے، جبکہ مسی ساگا میں صنعتیں قائم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئےٹیکس میں رعایت دی جانی چاہیے۔

ایلون ٹیڈجو نے شہری سلامتی کے حوالے سے کہا کہ جرائم کی روک تھام اور پولیس کے وسائل میں بہتری بھی ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان کی انتخابی ترجیحات میں شہری سلامتی، جرائم کی روک تھام، معیارِ زندگی بہتر بنانا اور پراپرٹی ٹیکس منجمد کرنا شامل ہیں۔

روجے پلازہ کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے ایلون ٹیڈجو نے کہا کہ اگر وہاں کے رہائشیوں کو شور کی شکایت ہے تو اس مسئلے کا ایک حل ساونڈ پروف دیوار کی تعمیر ہوسکتا ہے، جبکہ پلازہ کے اندر مزید پیدل راستے بنا کر پیدل چلنے والوں کی آمدورفت کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ اگر وہ میئر منتخب ہوئے تو شیشہ حقہ کے کاروبار کو قانونی دائرے میں لانے کے امکان پر غور کریں گے۔ایلون ٹیڈجو نے کہا کہ گزشتہ میئر کے انتخاب میں وہ معمولی فرق سے کامیاب نہیں ہوسکے تھے اور اس مرتبہ وہ اپنی کامیابی کیلئے پرامید ہیں۔کارنر میٹنگ میں بیرسٹر احسان احمد، بیرسٹر ضیاء اللہ خان، لیاقت ملک سمیت دیگر افراد بھی موجود تھے۔