استنبول (ایجنسیاں)نائب وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحٰق ڈار نے استنبول میں غزہ سے متعلق وزارتی اجلاس میں ترک وزیرِ خارجہ حکان فیدان سے ملاقات میں فلسطین کے مسئلے پر مشترکہ طور پر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی تعلقات میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ دونوں وزرائے خارجہ نے غزہ میں پائیدار امن کے قیام اور انسانی امداد کی فراہمی کے لیے قریبی تعاون پر اتفاق کیا۔ترجمان کے مطابق رہنماؤں نے پاکستان-ترکیہ کے بھائی چارے اور باہمی تعاون کے مضبوط رشتوں کو بھی دہرایا اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔
دفترِ خارجہ کے مطابق وزیرِ خارجہ ڈار کی استنبول آمد پر ان کا استقبال سفیر احمد جمیل میروغلو، ڈائریکٹر جنرل آف پروٹوکول اور پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے کیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مذاکرات استنبول کے ایک ہوٹل میں ہوئے، جن میں 8 مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی، جن میں ترکیہ، متحدہ عرب امارات، انڈونیشیا، قطر، پاکستان، سعودی عرب اور اردن شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق انقرہ شرکا سے اپیل کرے گا کہ وہ غزہ کی سیکیورٹی اور حکمرانی فلسطینیوں کے سپرد کرنے کے منصوبے کی حمایت کریں۔ترک وزیرِ خارجہ نے اس موقع پر زور دیا کہ مسلم ممالک کی مربوط کارروائی ہی فائر بندی کو پائیدار امن میں بدل سکتی ہے۔
پاکستان نے اجلاس میں غزہ میں مکمل جنگ بندی، اسرائیلی افواج کے انخلا، بلا روک ٹوک انسانی امداد کی فراہمی، اور غزہ کی تعمیرِ نو کے اقدامات پر زور دیا،ساتھ ہی 1967 سے پہلے کی سرحدوں پر مبنی ایک آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کے عزم کو بھی دہرایا۔

