اسلام آباد میں ریڈ الرٹ، داخلی راستوں اور ریڈ زون میں سیکیورٹی سخت

اسلام آباد (نامہ نگار) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی، جبکہ شہر کے داخلی راستوں اور ریڈ زون میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے تمام اہم چوکوں اور چوراہوں پر پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ تمام ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے، جبکہ کسی بھی مقام پر بینرز یا ہجوم نظر آنے کی صورت میں فوری کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہر کے داخلی راستوں پر بھی پولیس کی بھاری نفری پہنچا دی گئی ہے، جبکہ ریڈ زون میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔ حساس سرکاری عمارتوں پر رینجرز اہلکار بھی تعینات کردیے گئے ہیں۔