اسلام آباد :پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے آپس میں اختلافات ہیں: شیری رحمان

اسلام آباد (نامہ نگارسے) پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان اختلافات ہیں، یہ ایک واضح حقیقت ہے، تاہم دونوں جماعتوں کے درمیان اختلافی معاملات کے حل کیلئےمذاکرات جاری ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں حکمران اتحاد کی دونوں بڑی جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان مذاکرات ہوئے، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ ملاقات میں اختلافی معاملات پر بات چیت کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم صرف کورم پورا کرنے کے لیے نہیں آئے، ہمارے اختلافات ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ مسائل حل ہوں۔ جب تک مسائل حل نہیں ہوتے، اجلاس نامکمل رہیں گے۔ اگر ہم اتحاد کا حصہ ہیں تو اس اتحاد کو عزت بھی دینا ہوگی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ ملاقات اچھے اور خوشگوار ماحول میں ہوئی ہے اور سب ٹھیک ہے۔مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ ایشوز کی بات کرتی ہے اور چاہتی ہے کہ مسائل حل ہوں۔ دونوں سیاسی جماعتیں ایک عرصے سے مل کر کام کر رہی ہیں، یہ ملاقات بھی اسی سلسلے میں ہوئی ہے۔

مذاکرات میں مسلم لیگ ن کی نمائندگی رانا ثناء اللہ اور طارق فضل چوہدری نے کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے وفد میں راجا پرویز اشرف اور ضیاء الحسن لنجار شامل تھے۔اس سے قبل وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اسپیکر قومی اسمبلی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی، جس میں وزیر داخلہ طلال چوہدری بھی شریک تھے۔