واشنگٹن (رائٹرز) امریکی فورسز نے ایران کے لارک جزیرے پر دو ایرانی لانچرز کو نشانہ بنایا ہے۔امریکی عہدیدار کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے اہلکار آبنائے ہرمز میں سمندری بارودی سرنگیں نصب کرنے کیلئےراکٹ داغنے کی تیاری کر رہے تھے، جس کے بعد امریکی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں لانچرز کو نشانہ بنایا۔

یہ جولائی کے اواخر کے بعد ایران پر امریکا کا پہلا معلوم حملہ ہے۔ ایرانی نیم سرکاری خبررساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکی حملہ ڈرون کے ذریعے کیا گیا۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ لارک جزیرے پر امریکی حملے میں کئی ایرانی جنگجو اور شہری ہلاک و زخمی ہوئے، تاہم ہلاکتوں اور زخمیوں کی درست تعداد نہیں بتائی گئی۔پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے خبردار کیا کہ امریکا کو لارک جزیرے پر حملے کی قیمت چکانا پڑے گی اور اس کا جواب معاشی اور عسکری دونوں محاذوں پر دیا جائے گا۔

