امریکی فوجی بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کولوراڈو میں حادثے کا شکار، 4 اہلکار محفوظ

ڈینور (سی بی ایس نیوز/اے پی) امریکی فوج کا ایم ایچ-60 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کولوراڈو میں معمول کی تربیتی مشق کے دوران حادثے کا شکار ہوگیا، تاہم ہیلی کاپٹر میں سوار چاروں اسپیشل آپریشنز اہلکار محفوظ رہے اور کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

امریکی فوج کے مطابق یہ واقعہ 25 اگست کو ڈینور کے قریب گلپن کاؤنٹی میں تھورودِن ماؤنٹین کے مشرقی جانب پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر جنگلاتی علاقے میں جا گرا، جس کے بعد امدادی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔

امریکی فوج نے واقعے کو ’’ایوی ایشن مِشَیپ‘‘ قرار دیتے ہوئے بتایا ہے کہ حادثہ معمول کی تربیتی کارروائی کے دوران پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر کا تعلق 160ویں اسپیشل آپریشنز ایوی ایشن رجمنٹ سے ہے، جس کا مرکز فورٹ کیمبل، کینٹکی میں ہے۔

گلپن کاؤنٹی شیرف کے دفتر کے مطابق حادثے کے بعد کسی قسم کے ایندھن کے اخراج یا آگ کی اطلاع نہیں ملی اور قریبی آبادی کے لیے بھی کوئی خطرہ نہیں تھا۔

حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔ امریکی فوج نے واقعے کی حفاظتی تحقیقات شروع کردی ہیں اور کہا ہے کہ تحقیقات جاری ہونے کے باعث فی الحال مزید تفصیلات فراہم نہیں کی جاسکتیں۔