برامپٹن(نمائندہ خصوصی) برامپٹن میں پہلی یوتھ کابینہ کی 2026-27 کی انتظامی ٹیم کیلئے 25 نوجوان رہنماؤں کا انتخاب کرلیا گیا، جو نوجوانوں کی نمائندگی کرتے ہوئے شہری معاملات میں ان کی شمولیت بڑھانے اور نوجوانوں کی زیرقیادت منصوبوں کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کریں گے۔
برامپٹن یوتھ کابینہ شہر کی 2026 سے 2030 تک کی نوجوانوں کی شمولیتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے، جس میں 14 سے 29 سال تک عمر کے برامپٹن کے رہائشی نوجوانوں کو اپنے خیالات اور ترجیحات پیش کرنے، شہری امور میں نوجوانوں کے نقطۂ نظر سے رائے دینے اور نوجوانوں سے متعلق اقدامات کی تشکیل میں کردار ادا کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
منتخب ارکان نوجوانوں کی زیرقیادت منصوبوں میں معاونت کے علاوہ سٹی انتظامیہ کے ساتھ تقریبات میں تعاون اور برامپٹن بھر کے نوجوانوں سے رابطے بڑھانے کیلئے آگاہی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں گے۔ یوتھ کابینہ کا پہلا باقاعدہ اجلاس 10 ستمبر کو ہوگا جبکہ کابینہ ستمبر 2026 سے جون 2027 تک اپنی مدت کے دوران ہر ماہ اجلاس منعقد کرے گی۔

25 رکنی انتظامی ٹیم کو مشاورتی، ابلاغ، رابطہ کاری اور تقریبات کے چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جبکہ برامپٹن کے پانچوں وارڈ جوڑوں کی نمائندگی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ پورے شہر کے نوجوانوں کی آواز کابینہ میں شامل ہو۔
ہر گروپ میں 14 سے 18 سال عمر کے ایک نوجوان اور 19 سے 29 سال عمر کے ایک نوجوان سمیت دو شریک سربراہ شامل ہوں گے۔ مشاورتی، ابلاغ اور رابطہ کاری کے گروپوں میں چار، جبکہ تقریبات کے گروپ میں پانچ بنیادی ارکان ہوں گے۔
یہ گروپ نوجوانوں کو سٹی انتظامیہ سے رابطے کے مواقع فراہم کرنے، نوجوانوں کو درپیش اہم مسائل سے متعلق آگاہی بڑھانے اور نوجوانوں کی دلچسپیوں اور ترجیحات سے ہم آہنگ منصوبوں، تقریبات اور اقدامات میں معاونت کریں گے۔
انتظامی ٹیم کے انتخاب کے باوجود 14 سے 29 سال عمر کے برامپٹن کے رہائشی نوجوانوں کے لیے کابینہ کی عمومی رکنیت پورے سال کھلی رہے گی۔ عمومی ارکان کابینہ سے منسلک رہتے ہوئے آئندہ مواقع سے آگاہی حاصل کرنے اور نوجوانوں کی شمولیتی سرگرمیوں میں حصہ لے سکیں گے، جس کے لیے کسی سابقہ تجربے کی ضرورت نہیں۔
برامپٹن کی 2026 سے 2030 تک کی نوجوانوں کی شمولیتی حکمت عملی جون 2025 میں جاری کی گئی تھی، جو شہر میں نوجوانوں کی شمولیت مضبوط بنانے کے لیے پانچ سالہ منصوبہ ہے۔ حکمت عملی کا مقصد نوجوانوں کو رابطے، شرکت اور خدمات میں کردار ادا کرنے کے بامعنی مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ابلاغ، قیادت اور شہری سرگرمیوں میں ان کی شرکت کو فروغ دینا ہے۔
میئر پیٹرک براؤن نے کہا کہ برامپٹن کی پہلی یوتھ کابینہ کا قیام شہر کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے، 25 نوجوان رہنما اپنی قیمتی تجاویز، تجربات اور نقطۂ نظر کے ذریعے شہر کے نوجوانوں کی ترجیحات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دیں گے، انہیں امید ہے کہ کابینہ ان خیالات کو بامعنی اقدامات میں تبدیل کرکے کمیونٹی میں اپنا اہم کردار ادا کرے گی۔
علاقائی کونسلر اور نوجوانوں کی شمولیت کے لیے کونسل کے نگران گُرپرتاپ سنگھ تور نے کہا کہ نوجوانوں کو ان فیصلوں اور اقدامات میں بامعنی طور پر حصہ لینے کے مواقع ملنے چاہئیں جو ان کی کمیونٹی کو متاثر کرتے ہیں۔ برامپٹن یوتھ کابینہ نوجوانوں کو سٹی انتظامیہ سے براہ راست جوڑنے اور انہیں اپنے ساتھی نوجوانوں کی قیادت، تعاون اور نمائندگی کا پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔
چیف انتظامی افسر مارلن کلیڈین نے کہا کہ پہلی برامپٹن یوتھ کابینہ کا قیام نوجوانوں کی شمولیتی حکمت عملی پر عمل درآمد کی جانب اہم قدم ہے۔ کابینہ کے ذریعے نوجوان رہنما قیادت کی صلاحیتیں حاصل کرنے کے ساتھ سٹی انتظامیہ کو نوجوانوں سے متعلق معاملات پر قیمتی رائے فراہم کریں گے، جس سے نوجوانوں کے لیے شہری خدمات اور رابطہ کاری مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔

