اردن (سی بی ایس) ایران کی جانب سے اردن میں قائم امریکی ایئر بیس پر حملے کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجی طیاروں کو نقصان پہنچا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کی رپورٹ کے مطابق مؤفق السلطي ایئر بیس پر ایرانی حملے کے دوران وارٹ ہاگ کہلانے والا ایک اے-10 تھنڈر بولٹ طیارہ حملے کی زد میں آیا، جس کا ایک بازو ضائع ہوگیا۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی حملے میں تقریباً 8 ایف-15 طیاروں کو بھی معمولی نقصان پہنچا، تاہم مرمت کے بعد انہیں دوبارہ سروس میں شامل کردیا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکا درجنوں جنگی طیارے مؤفق السلطي ایئر بیس سے آپریٹ کرتا ہے، جبکہ مذکورہ ایئر بیس ایران کے خلاف امریکی جنگی کارروائیوں کے لیے ایک اہم فضائی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے اردن میں مؤفق السلطي ایئر بیس پر حملے کے نتیجے میں فوجی طیاروں کو نقصان پہنچنے کے بعد انہیں وہاں سے منتقل کرنا شروع کردیا ہے۔یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب امریکا نے رواں ہفتے کے اوائل میں 5 ایرانی ٹینکرز پر حملہ کیا، جس کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے خطے میں متعدد امریکی اڈوں اور اتحادی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

