برٹش کولمبیا : ہائیکنگ ٹریل پر چہل قدمی کے دوران ریچھ کے حملے نے ماں بیٹی کی جان لے لی

بیلا کولا میں گھر کے قریب مقبول ہائیکنگ ٹریل سے لاشیں مل گئیں، حملے میں ملوث ریچھ کی تلاش جاری

بیلا کولا (غیر ملکی میڈیا) کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا میں گھر کے قریب ایک مقبول ہائیکنگ ٹریل پر چہل قدمی کے دوران ریچھ کے مبینہ حملے میں ماں اور بیٹی ہلاک ہوگئیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق 48 سالہ جینیفر بالکارس اور ان کی 20 سالہ بیٹی سیلا ریڈ ہفتے کے روز بیلا کولا کے علاقے میں واقع اسنوکا ویسٹ ٹریل پر گئی تھیں۔ یہ مقام گھر سے گاڑی پر صرف پانچ منٹ کی مسافت پر تھا۔

دونوں کے لاپتا ہونے کا علم اس وقت ہوا جب جینیفر ایک طے شدہ آن لائن ملاقات میں شریک نہ ہوئیں۔ جینیفر کے بھائی کے مطابق وہ چار بچوں کی ماں اور دادی بھی تھیں۔پیر کے روز ٹریل سے جینیفر کی لاش ملی، جبکہ ان کی بیٹی کی لاش اگلے روز برآمد ہوئی۔

برٹش کولمبیا کنزرویشن آفیسر سروس کے اہلکار جیف ٹائر نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس واقعے میں ریچھ ملوث ہوسکتا ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ فی الحال یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حملے میں ایک ریچھ ملوث تھا یا ایک سے زیادہ، تاہم مشتبہ ریچھوں کو تلاش کرکے پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں۔

حکام کے مطابق پکڑے جانے والے ریچھ کا جائزہ لیا جائے گا اور اگر حملے میں اس کے ملوث ہونے کی تصدیق ہوگئی تو عوامی تحفظ کے پیش نظر صوبائی ضوابط کے تحت اسے ہلاک کیا جاسکتا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق نومبر 2025ء میں بھی ایک ریچھ نے 11 افراد کو زخمی کردیا تھا، جن میں تین بچے شدید زخمی ہوئے تھے۔ اس وقت خیال ظاہر کیا گیا تھا کہ ریچھ کے ساتھ اس کے دو بچے بھی موجود تھے۔